لاہور (نیوزڈیسک)این جی اوز کے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے معاملات سامنے آنے کے بعد این جی اوزکی رجسٹریشن کے قواعدوضوابط میں ترمیم کافیصلہ کیاگیاہے۔ٹارگٹ کلنگ کے الزامات کے باوجود صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں کمیٹی بنادی گئی ہے جس میں بیس ممبران کوشامل کیاگیاجن میں ایم این اے حافظ عبد الکریم،ذکیہ شاہ نواز،آصف سعید منہیس،ہارون سلطان،خواجہ سلمان رفیق اور کئی افسران شامل ہیں۔ روزنامہ اوصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کے قواعدوضوابط میں ترمیم کے ساتھ ساتھ سوسائٹی ایکٹ 1860اورسوشل ویلفیئر رجسٹریشن اینڈکنٹرول ایکٹ 1961کوضم کیاجائیگا۔اسی طرح این جی ا وزکے براہ راست فنڈنگ حاصل کرنے پر پابندی کے ساتھ ساتھ ڈونرزکو بھی اس امر کا پابند بنایا جائے کہ متعلقہ اداروں کے ذریعے این جی او ز کی مالی معاونت کی جائے۔این جی اوز کے آڈٹ اور مانیٹرنگ سمیت دیگر معاملات کے طریقہ کو مزید سخت اور شفاف بنایا جائے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ برطانیہ کی طرز پر چیرٹی کمیشن کی طرح چیرٹی قانون بنایا جائے گا اور اسی کے تحت عطیات اکٹھے کرنے والی این جی اوز کی رجسٹریشن کی جائے گی اور قانون سازی کے لئے اسمبلی سے جلد منظوری لی جائے گی