اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت سرحد پر خلاف ورزی کر رہاہے ، امن مذاکرات میں سنجیدگی نہیں دکھا رہا ، تحریک انصاف کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے کے پی ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلے کبھی حریت رہنماﺅں سے مذاکرات پر اعتراض نہیں کیا ، مجھے نہیں لگتا کہ ملاقات سے متعلق پابندی کا کوئی معاہدہ ہوا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بھارت سے دہشت گردی ، سرحد پر جاری کشیدگی کے علاوہ پانی جیسے اہم مسئلے پر بھی بات چیت ہونی چاہیے ، تاکہ ان معاملات کو افہام و تفہیم سے طے کر کے حل نکالا جاسکے ، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیشہ پاکستان کی طرف سے مثبت رویہ کا مظاہرہ کیا گیا ہے ، سرحدی کشیدگی میں پاکستان نے پہل نہیں کی بلکہ دفاعی حکمت میں ان کے جوابات دیے ہیں ، بھارت کو اپنے سخت اور منفی رویے کو تبدیل کرتے ہوئے کشمیری قیادت سے پاکستانی حکام کی ملاقات کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے ، خطے میںامن و امان اور سلامتی کیلئے کشمیر کے مسئلہ کا حل ڈھونڈنا پڑے گا ، خیال رہے کہ بھارت کی طرف سے مذاکرات جاری رکھنے کیلئے شرط عائد کی گئی ہے کہ پاکستانی حکام بھارتی دورے کے دوران حریت پسندکشمیری قیادت سے ملاقات نہیں کریں گے ، پاکستانی عسکری و سیاسی قیادت کی طرف سے بھارت کے اس رویے کو رد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے