کراچی(نیوزڈیسک)ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردی گئی ۔جمعرات کو پولیس نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دی ہے۔ پولیس نے رپورٹ میں موقف اختیار کیا ہے کہ الطاف حسین ملک میں موجود نہیں ہیں اس لئے ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکتی۔ پولیس نے الطاف حسین کی گرفتاری کے لئے عدالت سے مزید مہلت مانگ لی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رینجرز اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کے مقدمے میں الطاف حسین کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ الطاف حسین کے خلاف رینجرز کے کرنل طاہر کی مد عیت میں تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ تا ہم جمعرات کو پولیس کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں الطاف حسین کی گرفتاری کے متعلق رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے پولیس کو 5 ستمبر تک مہلت دے دی ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں