اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون میں قائم غیر قانونی کچی بستی کیخلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے ، ہیوی مشنیری کے ساتھ سی ڈی اے انفورسمنٹ کے اہلکار کچی بستی گرانے میں مصروف ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں قائم غیر قانونی افغان کچی بستی کے خلاف سی ڈی اے کا آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے ، سی ڈی اے ، ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود ہیں۔آپریشن میں سی ڈی اے انفورسمنٹ کے اہلکار اور ہیوی مشینری حصہ لے رہی ہے تاہم وقفے وقفے سے بارش کے باعث سی ڈی اے اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود ہے۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ کچی بستی کیخلاف جاری آپریشن آج مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم خراب موسم کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔موسم کی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو آپریشن مکمل کرنے میں مزید ایک روز درکار ہوگا۔