اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ساون رت اپنا رنگ دکھا رہی ہے ، ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، لاہور ، اسلام آباد ، واہ کینٹ ، ٹیکسلا ، مظفرآباد سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کالی گھٹائیں برس رہی ہیں ، بادل برسنے کے بعد شہر اقتدار کا موسم دلکش ہوگیا۔ داتا کی نگری لاہور میں گہرے بادلوں کا آسمان پر راج ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں بوندا باندی اور رم جھم نے موسم خوشگوار کر دیا۔ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔بالائی سندھ میں کہیں کہیں اور کراچی میں شام یا رات کو بوندا باندی کا امکان ہے ، زیریں سندھ میں حیدرا?باد ، بدین، ٹھٹہ، سجاول میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔کوئٹہ میں ہلکے بادلوں کا آسمان پر بسیرا ہے ، اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ، پنجاب ، خیبر پختوانخوا ، کشمیر اور فاٹا کے اکثر حصوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ڑوب اور گلگت میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔