لاہور(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق عمران خان پر برس پڑے ، کہتے ہیں عمران خان کی پریس کانفرنس ناشکرے ، بے اعتبار اور ضدی شخص کی چیخیں تھی ، پی ٹی آئی الزامات کی بجائے تعمیری سیاست اور عوامی خدمت پر توجہ دے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی گمراہی اور غیر یقینی پھیلا کر جمہوریت گرانے کی سازش میں ملوث تھی۔ طے ہوا تھا کہ منظم دھاندلی ثابت ہوئی تو نئے انتخابات ہوں گے بصورت دیگر تحریک انصاف اپنے الزامات واپس لے گی۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی جوڈیشل کمیشن پر مسلم لیگ ن کے ساتھ کیے گئے معاہدے سے پھر گئی ، الزام تراشی ہی کرنا تھی تو جوڈیشل کمیشن پر معاہدہ کیوں کیا؟،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے تحریک انصاف کے دھرنے کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن کے مطالبے کے بعد سعد رفیق کے بیان نے آگ لگادی، تحریک انصاف نے اپنی حکمت عملی پر از سر نو غور شروع کردیاہے ،تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ قیادت نے پہلے صبر و تحمل کی پالیسی اپنائی تھی مگر ن لیگ کے رہنماﺅں کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد پارٹی میں یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیاجائے اور حکومت کا گلی گلی شہر شہر گھیراﺅ کیاجائے ۔