لاہور(نیوزڈیسک)گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کاکہناہےکہ عمران خان اب ملکی ترقی کیلئے کام کریں،جبکہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کہتےہیں کہ عمران خان کو جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سےسبق سیکھناچاہئے۔ سینئرصحافی مجیدنظامی مرحوم کی پہلی برسی کےموقع پر لاہور میں منعقدہ تقریب سےخطاب کرتےہوئےوفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ کالاباغ ڈیم نہ بننے سے ملک پر لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے مسلط ہیں،،عمران خان کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر قائم رہتے تو یہ رکاوٹیں دور ہوسکتی تھیں۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان میں اداروں کو کباڑ خانے میں تبدیل کردیا گیا ، جوڈیشل کمیشن نے انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلہ کیا ،عمران خان اب سیاست میں سنجیدگی اور پختگی لائیں۔پنجاب کےگورنررفیق رجوانہ کااپنے خطاب میں کہناتھا کہ عمران خان اب پاکستان کی ترقی کےلیے کام کریں اور قومی اسمبلی میں آکر اپنا کردار ادا کریں۔تقریب سےسی پی این ای کے صدر مجیب الرحمٰن شامی،ممتازقانون دان ایس ایم ظفر، جسٹس ریٹائرڈ آفتاب فرخ اور بشریٰ رحمن نے بھی خطاب کیا۔