لاہور (نیوزڈیسک)صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ خاں نے کہاہے کہ عمران خان نہ صرف قوم سے معافی مانگیں بلکہ اللہ تعالیٰ سے توبہ بھی کریں، اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن) کو قوم کے سامنے سرخرو کر دیا،جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے ثابت ہو گیاکہ مسلم لیگ (ن) ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ رانا ثناءاللہ خان عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سٹیج پر دھاندلی کے نعرے لگانے والے عمران خان صاحب اب پچھتا رہے ہیں۔ کئی ماہ دھرنوں میں ملک و قوم کا وقت ضائع کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔ عمران خان اب انقلاب کے جھوٹے دعوﺅں سے نئی نسل کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے۔ تحریک انصاف نے پاکستان کی سیاسی اقدار کو مسخ کر دیا۔ لیکن عمران خان صاحب جان لیں کہ الزام تراشی اور بیان بازی کے ذریعے سیاست کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔ عوام کی خدمت کرنے والے ہی عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کا رویہ ”کھسیانی بلی کھمبا نوچے“ کے مصداق ہے۔