اسلام آباد(نیوزڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے تمام زونل ، ضلعی دفاتر تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ ، رینجرز کے چھاپوں ، آئے روز کارکنان کی پکڑ دھکڑ نے ایم کیو ایم کو بیک فٹ پر جانے پر مجبور کر دیا ہے ۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے دیرینہ ساتھیوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پکڑ دھکڑ سے بچانے اور اپنا تنظیمی نیٹ ورک محفوظ بنانے کے لئے کئی اہم فیصلے کئے ہیں ۔ جس کے تحت فی الحال تمام سطح کے دفاتر بند کئے جا رہے ہیں اور تمام کارکنان کو زیر زمین چلے جانے کی ہدایات دی گئی ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات اگست 2016 تک جاری رہ سکتے ہیں ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چونکہ فطرانہ ، قربانی کی کھالوں اور دیگر تمام قسم کے چندوں پر حکومت نے پابندی عائد کر رکھی ہے اور ایم کیو ایم کو ان دفاتر کو چلانے میں مشکلات درپیش ہیں اس لئے بھی ان دفاتر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔