لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب حکومت نے بلدیاتی ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا ، صوبے میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے ، بیلٹ پیپرز کی تعداد چھ سے کم کرکے دو کردی گئی ۔ پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کی مشاورت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا ہے ۔ ترمیمی آرڈیننس 2015 کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے ۔ بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتیں اورآزاد امیدوار دونوں حصہ لے سکیں گے ، سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو ان کی جماعتوں کے انتخابی نشان ملیں گے جبکہ آزاد امیدواروں کو دیگر انتخابی نشان ملیں گے ۔ ترمیمی آرڈیننس کے مطابق چئیرمین وائس چئیرمین مشترکہ طورپر الیکشن لڑیں گے ، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی تعداد چھ سے کم کرکے دو کر دی گئی ہے ۔ ہر ووٹر کو دو بیلٹ پیپر دئیے جائیں گے ۔ ایک بیلٹ پیپر چئیرمین وائس چئیرمین اور دوسرا جنرل کونسلر کے لئے ہوگا ۔ سپیشل سیٹوں کاانتخاب ان ڈائریکٹ ہوگا ۔ خواتین ، مزدور ، اقلیت اور نوجوانوں کا سپیشل سیٹوں پر انتخاب ہوگا ۔ سپیشل سیٹوں پر امیدواروں کاانتخاب چئیرمین وائس چئیرمین اور منتخب کونسلرز کریں گےنئے ترمیمی آرڈی ننس کے اجراءپربلدیاتی انتخابات کے امیدوارپریشانی کا شکار ہوگئے اورتمام دن معلومات حاصل کرتے رہے۔