اسلام آباد(نیوزڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے عید الفطر کی نماز شاہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی ۔ سخت سیکورٹی کے باعث ہزاروں افراد نماز کی ادائیگی سے محروم رہ گئے ۔ نماز سے محروم رہ جانے والے سیکڑوں افراد نے مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ گرے رنگ کی قراقلی ٹوپی ، میچنگ شیروانی ، سفید شلوار ، سینے پر قومی پرچم آویزاں کئے صدر مملکت ممنون حسین نے فیصل مسجد میں کرسی پر بیٹھ کر نماز عید ادا کی ۔ ان کے ہمراہ پہلی صف میں مسلم لیگ نواز کے سینیٹر مشاہد اللہ خان اور دیگر افراد بھی تھے ۔ نماز کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا محتاجوں ، غربا و مساکین کی ہر ممکن مدد کر کے عید کی خوشیوں میں شامل کریں ۔ دوسری طرف صدر کی وی آئی پی سیکورٹی کے باعث لوگوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جس کی وجہ سے ہزاروں افراد نماز عید ادا کرنے سے محروم رہے ۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں اور نمازیوں کے درمیان تکرار اور تو تکار بھی ہوئی ۔ نماز سے محروم جانے والے ہزاروں افراد نے مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ نماز کی ادائیگی کے بعد سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا 8 سے 10 ہزار افراد نماز نہیں پڑھ سکے ۔ رحمان ملک نے کہا کہ نمازیوں کے اندر جانے کے لیے کوئی بھی راستہ کھلا نہیں تھا ۔