لندن(نیوزڈیسک) الطاف حسین کے جنرل راحیل سے براہ راست مطالبات،ن لیگ کوپرانی غلطیاں گلے پڑ گئیں،متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاک فوج کی اعلیٰ قیادت سے مخاطب ہوتے ہوئے ن لیگ کے بعض رہنماﺅں کے ریکارڈ پر موجود متنازعہ بیانات پر کارروائی کا مطالبہ کیاہے کہ آئی ایس آئی کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے باغیرت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاک فوج کے تقدس اور قومی سلامتی کے اداروں کے وقار کی خاطر وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف فی الفورایکشن لیں ۔ انہوںنے کہاکہ خواجہ آصف نے بین الاقوامی شہرت یافتہ قومی سلامتی کے ادارے آئی ایس آئی کی دنیا بھر میں تذلیل کرتے ہوئے مورخہ 12، جولائی 2015ءبروز پیر ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے دو سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل احمد شجاع پاشا اور جنرل ظہیرالاسلام پریہ الزام عائد کیا ہے کہ انہوںنے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مدد کرکے نوازشریف کی حکومت کا تختہ گرانے کی سازش کی اور اس سلسلے میں عمران خان کے ذریعہ اسلام آباد میں تین ماہ تک دھرنا کرایا جس کے تمام تراخراجات بھی ان دونوں شخصیات نے پاکستان کے مخیر سرمایہ داروں سے حاصل کرکے پی ٹی آئی کو فراہم کیے ۔ الطاف حسین نے مزید کہاکہ خواجہ آصف نے یہ بہتان لگاکر قومی سلامتی کے مایہ نازادارے آئی ایس آئی کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے لہٰذا جنرل راحیل شریف کافرض ہے کہ وہ وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کی جانب سے دونوں متذکرہ شخصیات پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کرائیںاورخواجہ آصف کے خلاف مقدمہ درج کرائیں ۔ الطاف حسین نے کہاکہ اگر خواجہ آصف کے ان الزامات کا نوٹس نہیں لیا گیا تو عوام کے ایک حلقہ میں پائے جانے والے ان خدشات کو تقویت ملے گی جوببانگ دہل یہ کہتے پھر رہے ہیں کہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت اور کورکمانڈرز ،وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف کارروائی سے گریزکرتے ہیں۔ الطاف حسین نے فوج کے مقدس ادارے آئی ایس آئی کے خلاف ہرزہ سرائی پر ملک بھرکے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک کے ہرشہر اور محلہ میں خواجہ آصف کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں تاکہ آئندہ کسی کو قومی سلامتی کے اداروں پر بغیرثبوت وشواہد الزامات لگانے کی جرات وہمت نہ ہوسکے ۔