کراچی (نیوزڈیسک)ایران پر سے پابندیوں کا خاتمہ،پیپلزپارٹی نے حکومت کو اہم مشورہ دیدیا، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے ایرانی نیوکلیئر معاہدے کو خوش آمدید کہتے ہوئے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ اب جبکہ ایران پر سے اقتصادی پابندیاں اٹھا لی جائیں گی تو پاکستان ایران پائپ لائن پر کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے۔ اس منصوبے کو سابق صدر زرداری نے اپنے دورِ حکومت میں ایران کے ساتھ شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی حکومت کو وقت ضائع کئے بغیر پاکستان کی طرف پائپ لائن کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے کیونکہ ملک کو انرجی اور گیس کی ضرورت ہے اور پاکستانی گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔ سینیٹر شیری رحمن نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران پر سے پابندیاں اٹھنے کے بعد ایرانی عوام کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستانی اور خطے کے عوام کے مفاد میں کام کیا ہے اور پاکستان چین اقتصادی راہداری اس کی مثال ہے اور اب پاکستان میں ترقی کے دروازے کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر سے پابندیاں اٹھنے کے بعد پاکستان کے ساتھ تجارتی رشتے بھی مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک اس تجارتی تعاون سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ایران ایک اہم ملک ہے جس کی پاکستان کے ساتھ سرحدیں ملتی ہیں اور یہ دونوں ممالک مل کر خطے میں دہشتگردی کے خلاف کام کر سکتے ہیں۔ پابندیاں اٹھنے کے بعد ایران بھی خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر خطے کو مستحکم کرنے کا باعث بن سکتا ہے اور افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعاون میں بھی ایران مددگار ہو سکتا ہے۔