لاہور (نیوزڈیسک)وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”پکیاں سڑکاں۔سوکھے پینڈے“ کا تاریخ ساز پروگرام دیہات میں بسنے والے کاشتکاروں کی ترقی و خوشحالی کو مد نظر رکھ کر شروع کیا گیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں دیہی معیشت کے استحکام اور کاشتکاروں کی ترقی و خوشحالی کیلئے یہ سب سے بڑا اور منفرد پروگرام ہے۔ اس موقع پر انہو ںنے پنجابی میں کہا کہ ” کسان سوکھا ہووے گا تے پنجاب وی سوکھا ہووے گا“۔ وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوںکو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ دیہی معیشت کی ترقی کے اس منصوبے کی معیاری، شفاف اور تیز رفتار سے تکمیل یقینی بنانے کے حوالے سے اپنے اپنے علاقوں میں پروگرام کی موثر مانیٹرنگ کریں۔ صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دیہی سڑکوں کی مرمت و بحالی کے تاریخ ساز پروگرام کا آغاز کرکے کاشتکاروں اور کسانوں کے دل جیت لئے ہیں اورہر دیہات میں کسان کا یہ مطالبہ ہے کہ اس کے علاقے میں خادم پنجاب پروگرام والی سڑک بنے۔