اسلام آباد(نیوز ڈیسک) متحدہ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رینجرز کا بیان ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن ہونے کا اعتراف ہے ، متحدہ کو قومی دھارے سے باہر دھکیلنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے ،تفصیلات کے مطابق فاروق ستار کہتے ہیں کراچی آپریشن کی آڑ میں ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ رینجرز ترجمان کا بیان اعتراف ہے کہ آپریشن صرف ایم کیو ایم کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ آپریشن کا مقصد کراچی سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ نہیں بلکہ ایم کیو ایم کو ختم کرنا ہے۔ رابطہ کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رینجرز ترجمان نے اپنے بیان کے ذریعے خود اقرار کرلیا ہے کہ رینجرز ایم کیو ایم کے تنظیمی عہدیداروں کو باقاعدہ منظم منصوبے اور ٹارگٹ کے تحت گرفتار کر رہی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ سے رینجرز کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سے پہلے پریس کانفرنس میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی فلاحی اور سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی لگائی جا رہی ہے ، قومی دھارے سے متحدہ کو باہر دھکیلا جا رہا ہے جس کے اچھے نتائج نہیں ہوں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں آپریشن دہشت گردوں کے خلاف نہیں خدمت خلق فاو¿نڈیشن کے خلاف ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ارباب اختیار اور ڈی جی رینجرز واقعات کا نوٹس لیں ، وزیر اعظم کو آج نہیں تو روز محشر حساب دینا ہوگا۔