اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج رات سے ملک میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جب کہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، ہزارہ ڈویژن اورکشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے جمعہ کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں سمیت ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے علاوہ چند مقاما ت پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرنوالہ، لاہور، ساہیوال ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جب کہ مالاکنڈ ڈویڑن اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تیز ہوائیں چلنے اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے جہاں ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا جب کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔