اسلام آباد (نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید حبس ہوگا جس کے بعد آئندہ 36گھنٹے کے دوران اسلام آباد ،بالائی پنجاب اور کشمیر میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔ادھر حکومت نے شہریوں سے بجلی کے کم استعمال کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پیر اور منگل کے روز لاہور ، پاکپتن ، شیخوپورہ گوجرانوالہ اور کشمیر کے تمام علاقوں میں بارش متوقع ہے ، اگلے ہفتے کے دوران پنجاب اور کے پی کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشیں ہوں گی ، شمالی علاقوں میں مزید تین روز تک موسم خشک رہے گا، راولپنڈی اسلام آباد میں آج رات بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ کراچی میں تیز ہواؤں اور بادلوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں مزید کمی آئے گی ، آج کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس میں کمی ہوگی،دوسری جانب وزارت پانی وبجلی نے صارفین کے لیے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ آئندہ دو روز شدید گرمی کا امکان ہے ، صارفین بجلی کے استعمال میں بچت کریں اور ائرکنڈیشنرز کا کم سے کم استعمال کریں ، تاکہ کسی بھی قسم کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بچا جا سکے۔