کوئٹہ(نیوزڈیسک)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ جو لوگ ملک سے بھاگ کر چلے گئے اور اب ڈالرز اور پاؤنڈز میں کھیل رہے ہیں، وہ معصوم نوجوانوں کو آزادی کے نام پر لڑوا رہے ہیں۔ عوام اس عیاش اور ذہنی پستی کا شکار دشمن کو پہچانیں۔کوئٹہ کے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں عوام کا جم عفیر اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ یہاں کے لوگ امن سے کس قدر محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہاں سے بھاگ گئے، وہ خود عیاشی کر رہے ہیں اور معصوم نوجوانوں کو آزادی کے نام پر لڑوا رہے ہیں، عوام اس عیاش اور ذہنی پستی کا شکار دشمن کو پہچانیں، دشمن کی ڈگڈگی پر ناچنے والے ہرکار، خون کے پیاسے ہیں، وہ انہیں چیلنج کرتے ہیں کہ ایک دن عام آدمی کے ساتھ گزار کر دکھائیں۔ ان کا دل کہہ رہا ہے کہ بلوچستان میں احساس محرومی ختم ہوگیا ہے، ہم سب ایک راستے پر محو سفر ہیں، جو امن اور خوشحالی کا راستہ ہے۔