کراچی(نیوزڈیسک)موبائل فون رکھنے والوں کے لئے خوشخبری, سندھ پولیس کے حالیہ ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے)میں اینٹی موبائل کرائم سیل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ہفتے کے روز انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام حیدر جمالی کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ سیل کی سربراہی ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی آئی اے کرے گے جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) رینک کا افسر سیل کا انچارج ہوگا۔سندھ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیل کے قیام کا مقصد اسٹریٹ کرائم کی انسداد کے حوالے سے اقدامات پر مشتمل پالیسی ترتیب دینا اور شاہراہوں پر شہریوں سے موبائل فون چھینے کی وارداتوں میں ملوث ملزمان، گروہوں کی گرفتاری کو یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر سندھ کے آئی جی کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی سی آئی اے عبداللہ شیخ اور ایڈیشنل آئی جی انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کی رہنمائی اور تعاون سے سی آئی اے کرائم اور کریمنل ڈیٹا کو بھی ڈیجیٹلائزڈ کرنے کے اقدامات کرے۔واضح رہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہری ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے سامنے بے بس اور لاچار نظر آتے ہیں۔کراچی کے شہری ہر سال اسٹریٹ کرائم کے نام پر ہزاروں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور لاکھوں مالیت کے موبائل فون سے محروم ہو جاتے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں