اسلام آباد(نیوزڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے اسلام آباد میں خارجہ حکام سے ملاقاتیں کیں جس میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان میں مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ میں ملیحہ لودھی کی دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں اقوام متحدہ کی جنرل کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے کے حوالہ سے بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ بھارت کی پاکستانی معاملات میں مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کشمیر اور دہشت گردی کے حوالہ سے پاکستانی موقف کو اقوام متحدہ میں پیش کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی آئندہ دو روز میں وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کریں گی اس موقع پر پاکستان کی طرف سے بانکی مون کو بھیجے جانیوالے خط کے مسودے کی منظوری بھی لی جائےگی۔ دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ ملیحہ لودھی کی دفتر خارجہ حکام سے ملاقاتیں معمول کی ہیں۔