لاہور(نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کر دی۔ کہتے ہیں نفرت انگیز تقاریر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منافرت پر مبنی لٹریچر کی تقسیم و اشاعت کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں بروقت اور موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ لاوڈ سپیکر اور وال چاکنگ پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئندہ 3 برسوں کے دوران صوبے کی دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی پر 150 ارب روپے صرف کئے جائیں گے۔