اسلام آباد(نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بدانتظامی ثابت ہونے پر پندرہ اضلاع کے 365پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔ بدھ کو یہاں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کے تحریر کردہ مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آر اوز اور ڈی آر اوز کے تحریری بیانات اور ان کو سننے کے بعد ری پولنگ کا حکم دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کو مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ، صوابی، شانگلہ سمیت پندرہ اضلاع میں انتخابات کے روز بدانتظامی اور پولیس کے عدم تعاون کی تحریری شکایات ملی تھی۔الیکشن کمیشن کے چار رکنی بنچ نے امیدواروں، متعلقہ فریقین اور ریٹرننگ افسران کو طلب کر کے ان کے بیانات ریکارڈ کئے۔ ریٹرننگ افسران نے اپنے بیانات میں کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر تھی۔ مسلح گروپوں نے بیلٹ باکسز بھی چھینے۔ کہیں زبردستی پولنگ رکوا دی گئی تو کہیں پولنگ شروع ہی نہ ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔