لاہور( نیوزڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے اورپارٹی کو سیاسی طور پر دوبارہ اپنے پاﺅں پرکھڑا کرنے کا عزم لے کر دبئی سے وطن واپس لوٹے ہیں ،بلاول بھٹو زرداری کارواں ماہ ہی پنجاب کے دورے پر آمد کا امکان ہے جس میں وہ پارٹی سے ناراض دیرینہ رہنماﺅں اور کارکنوں کو منانے کے علاوہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھرپور سرگرمیاں کریں گے ۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کو سیاسی طور پر دوبارہ اپنے پاﺅں پرکھڑا کرنے کا حتمی فیصلہ کر کے دبئی سے وطن واپس لوٹے ہیں اور اسکے لئے انہوں نے اپنے طور پر ہوم ورک بھی کیا ہے ۔پیپلز پارٹی کی قیادت پارٹی کو ملک بھر خصوصاًپنجاب میں سیاسی طور پر مستحکم کرنے کےلئے فوکس کئے ہوئے ہے اور اسی تناظر میں بلدیاتی انتخابات کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو پنجاب کے دورہ کے دورہ پیپلز پارٹی کے دیرینہ رہنماﺅں اور کارکنوں سے از خود ملاقاتیں کر کے انکے گلے شکوے سن کر انکے تحفظات دور کریں گے ۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی کے بعد کئی ماہ سے پارٹی سر گرمیاںنہ کرنے والے وسطی پنجاب کے عہدیداروںنے بھی متحرک ہونے کیلئے رابطوں کا آغاز کر دیا ،دوسری طرف صوبائی عہدیداروں کی کارکردگی سے نالاں کارکنوں کی طرف سے قیادت کے متوقع دورہ لاہور کے دوران پارٹی معاملات پر کھل کر اظہار اوربھرپور احتجاج کا بھی امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وسطی پنجاب کے عہدیدار گزشتہ کئی ماہ سے پارٹی کی سطح پر کسی بھی طرح کی سیاسی سر گرمیاں نہیں کر رہے تھے تاہم بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی کے ساتھ ہی متحرک ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے او راس تناظر میں رابطوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی طرف سے صوبائی عہدیداروں سے پنجاب میں ہونےوالے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی بارے بھی رپورٹ طلب کی جائے گی۔ دوسری طرف کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جو صوبائی عہدیداروں کی کارکردگی سے قطعاً مطمئن نہیں انہوں نے بھی اپنی تیاری شروع کر دی ہے جس میں پارٹی قیادت کے متوقع دورہ کے موقع پر پارٹی معاملات پر کھل کر بات کرنے کے علاوہ احتجاج کا بھی امکان ہے ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں