اسلام آباد(نیوز ڈیسک)کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ، مختلف علاقوں میں حساس اداروں اور رینجرز کے ساتھ دو مقابلوں میں چھ دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔ دو نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، راکٹ ، خودکش جیکٹس ،بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔سیکٹر کمانڈر بریگیڈر خرم نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ رینجرز نے گزشتہ رات ایک گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر اورنگی ٹاﺅن مومن آباد میں سرچ آپریشن کیا، اسی دوران ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ ایک نے خود کو دھماکہ سے اڑالیا،سرچ آپریشن کے دوران رینجرز نے ایک مغوی بچے کو بھی بازیا ب کرالیا۔ بچے کو 6مئی کو بلدیہ ٹاون سے اغواء کیا گیا تھا۔سیکٹر کمانڈر رینجرز نے مزید بتایا کہ ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے رینجرز پر فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے یں ایک راہگیر توصیف جاں بحق ہوگیا، رینجرز نے گذشتہ رات اورنگی ٹاﺅن پریشان چوک پرآپریشن کا آغاز کیا ،اسی دوران رینجرز پر ٹائم ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا، جس کے بعد مزید نفری طلب کرکے ا?پریشن کا دائرہ کار مزید بڑھادیا گیا۔رینجرز حکام کے مطابق، اورنگی ٹاﺅن اور لانڈھی میں کی گئی کارروائیوں میں 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دو دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ رینجرز حکام کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا۔ دہشت گرد کراچی میں پولیس اور رینجرز پر حملوں، بھتہ خوری ،دہشت گردی، بم دھماکوں اور خودکش حملوں میں ملوث تھے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق، دہشت گرد کراچی میں سانحہ صفورہ سے بھی بڑی واردات کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔