اسلام آباد(نیوز ڈیسک)معروف سماجی رہنماءسبین محمود کا قاتل بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (بی بی اے) کا سٹوڈنٹ نکلا، سانحہ صفورا میں اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر فائرنگ میں بھی ملوث۔تفصیلات کے مطابق معروف سماجی رہنماءسبین محمود کو کراچی میں ڈیفنس لائبریری کے قریب گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ دہشت گرد سعد عزیز کے بارے میں پتا چلا ہے کہ وہ بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (بی بی اے) کا سٹوڈنٹ اور آئی بی اے میں زیر تعلیم ہے۔ خیال رہے کہ سبین محمود اپنی والدہ کے ہمراہ ایک پروگرام میں شرکت کے بعد گھر جا رہی تھیں کہ ڈیفنس لائبریری کے قریب سنگل پر جب ان کی گاڑی رکی تو دائیں جانب سے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نےان پر فائرنگ کر دی جس سے سبین محمود اور ان کی والدہ دونوں زخمی ہو گئیں۔ حادثے کے بعد انھیں نیشنل میڈیکل سینٹر لے جارہا تھا کہ سبین محمود راستے ہی میں دم توڑ گئیں۔ واضع رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اہم پریس کانفرنس کے دوران سانحہ صفورا اور سبین محمود کے قتل میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم سعد عزیز اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سانحہ صفورا کے ماسٹر مائنڈ طاہر کو بہاولپور سے پکڑا گیا جبکہ ملزم سعد عزیز آئی بی اے سے بی بی اے اظہر سر سید یونیورسٹی سے الیکٹرانک انجینئر اور حافظ ناصر کراچی یونیورسٹی سے ایم اے اسلامیات ہے۔