لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری اور لاہور کے صدر علیم خان میں ٹھن گئی جس پر دونوں نے مستعفی ہونے کی دھمکی دیدی ، اس صورتحال میں عمران خان کافی پریشان ہیں اوراُنہوں نے معاملات کو سلجھانے کے لیے جمعرات کی شام کو بنی گالہ میں پارٹی کااہم اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے سلسلے میں ٹکٹوں کی تقسیم دونوں رہنماﺅں میں تضاد کی وجہ بنی ۔ علیم خان نے لاہور کے کنٹونمنٹ بورڈ کے ٹکٹوں کے لیے امیدواروں کا فیصلہ کیا لیکن شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں بننے والے نظرثانی بورڈ نے علیم خان کی طرف سے منتخب کیے گئے آٹھ امیدواروں کو مستردکردیاگیااور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری دن یعنی بدھ کو بحیثیت صوبائی صدر اعجاز چوہدری نے نظرثانی بورڈ کی طرف سے فائنل ہونیوالے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے جس پر عبدالعلیم خان برہم ہوگئے اور بحیثیت ضلعی صدر مستعفی ہونے کی دھمکی دیدی ۔
دوسری طرف ٹکٹیں جاری کرنیوالے اعجاز چوہدری بھی میدان میں آگئے اوراُنہوں نے موقف اپنایاکہ اگر ٹکٹ واپس یا تبدیل کیے گئے تو وہ استعفیٰ دیدیں گے ۔ ٹکٹوں کی تقسیم اور دونوں رہنماﺅں کے استعفوں کی دھمکیوں نے عمران خان کو پریشانی میں مبتلاءکردیا تاہم دورہ کراچی شیڈول ہونے کی وجہ سے اُنہوں نے اپنی مصروفیات ملتوی نہیں کیں اور جمعرات کی رات 9بجے اسلام آباد میں پارٹی رہنماﺅں کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔
امکان ظاہرکیاجارہاہے کہ نظرثانی بور ڈ کی بریفنگ کے بعد عمران خان دونوں رہنماﺅں کو اعتماد میں لے کرکوئی درمیانی حل نکالیں گے ۔