اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کے تقرر کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی ۔ دو رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس امیرہانی مسلم نے ریمارکس دیئے ہیں کہ جب چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے ہو جائے تو یہ فیصلہ حتمی ہوتا ہے ۔شہری اپنے حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں اس معاملے میں درخواست گزار کا کوئی حق متاثر نہیں ہوتا ۔انہوں نے یہ ریمارکس منگل کے روز دیئے ہیں ۔عدالت نے درخواست گزار کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے کیا گیا جرمانہ 20 ہزار معاف کر دیا ۔شاہد اورکزئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی آئینی طریقہ اختیار نہیں کیا گیا اس لئے اس کو کالعدم قرار دیا جائے تاہم ہائی کورٹ نے درخواست خارج کرتے ہوئے 20 ہزار جرمانہ عائد کیا تھا اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جو گزشتہ روزخارج کر دی گئی تاہم20 ہزار کا جرمانہ معاف کر دیا گیا ۔