کراچی(نیوز ڈیسک)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کا مسئلہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے لیکن حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے فوج بلانے کی ضرورت نہیں۔سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ این اے 246 میں ضمنی انتخاب کا مسئلہ پچیدہ ہوتا جارہا ہے، الیکشن مہم کے دوران تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے رہنما اپنے کارکنان کو کنٹرول میں رکھیں اور کشیدگی سے بچتے ہوئے شائستگی کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ این اے 246 اتنا بڑا حلقہ نہیں کہ فوج بلائی جائے، ضمنی انتخاب کی پولنگ کے دوران پولیس اور رینجرز بہتر طریقے سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل سڑکوں اور کنٹینرز پر نہیں ایوان میں نکالاجاتا ہے، صبح کا بھولا شام کو گھر آجائے تو اسے بھولا نہیں کہا جاتا، تحریک انصاف کے ارکان کو اسمبلی میں واپس آنے پر خوش ا مدید کہتے ہیں، اسپیکر سندھ اسمبلی نے پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفے الیکشن کمیشن کو نہیں بھیجے تھے اس لئے وہ اب بھی اسمبلی کا حصہ ہیں۔