کراچی(نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماءخالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسمبلی میں جانے سے پہلے قوم سے معافی مانگیں ۔میڈیا کو جاری بیان میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کو جواب دیں کہ جس اسمبلی کو وہ جعلی کہتے تھے اب وہی اسمبلی اصلی کیسے ہو گئی ہے ؟ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اسمبلی میں کیا تبدیلی لائیں گے ۔اگر انہیں تبدیلی لانی ہے تو ایم کیو ایم کی طرز کی سیاست کرنی ہو گی۔ایم کیو ایم کے رہنماءکا کہنا تھا کہ عمران خان کو الزام تراشی کی سیاست سے باز رہنا چاہیئے اور انہیں چاہیئے کہ وہ اس طرز کی سیاست کو ختم کر دیں۔این سے 246 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی شکست سے بچنے کے لیے راہ فرار اختیار کر رہی ہے اور ان کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیئے کہ جمہوری عمل میں جمہوری رویہ اپنائیں تاکہ جمہوری عمل کو مضبوط کیا جا سکے۔