کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے مطالبہ کیا ہے کہ حلقہ این اے 246کو 23اپریل تک فوج کے حوالے کیا جائے ۔تفصیلات کے مطابق عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں پر حملے ہو رہے ہیںمیں گھر گھر جا کر لوگوں سے رابطہ نہیں کر پا رہا مگر اہم ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر صاحب کہتے ہیں کہ حلقہ این اے 246ایم کیو ایم کا ہے اگر حلقہ ان کا ہے تو الیکشن کروانے کی کیا ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کے گھر جاکر انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں الیکشن کمیشن اس بات پر ایکشن کب لے گا۔عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ کراچی تو پروین شاکر اور قمر جلالوی کا شہر تھا مگر اب یہاں صولت مرزا،عبید کے ٹواور اجمل پہاڑی پیدا ہوتے ہیں اور ہمارے کیمپ پر حملہ کرنے والوں کونائن زیرو پر ہار پہنائے جاتے ہیں ۔