انقرہ (نیوز ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف اور ترک صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماﺅں میں اتفاق ہوا کہ سعودی عرب، پاکستان اورترکی قریبی دوست ہیں اور خطے کو تباہی سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان اور ترکی مل کر مدد کریں ۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات منفر د اور مثالی ہیں اور ان تعلقات کو اقتصادی تعاون میں بدلنے کے خواہش مند ہیں۔ ذرائع کے مطابق ترک صدر نے وزیراعظم نواز شریف کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے ترک صدر کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماضی میں سعودی عرب اور ترکی کے تعلقات مثالی نہیں رہے ہیں لیکن یمن کی صورتحال کی وجہ سے ترکی نے سعودی عرب کی مدد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔تجزیہ کار اسے سفارتی محاذ پر سعودی عرب کی بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔