اسلام آباد (نیوزڈیسک) صدر ممنون حسین نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے۔عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام کا آرڈیننس صدر ممنون حسین نے جاری کر دیا ہے جس کے تحت کمیشن 45 روز کے اندر عام انتخابات کی تحقیقات کرنے کا پابند ہوگا۔واضح رہے کہ 3 روز قبل مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام پر اتفاق ہوا تھا جس میں طے پایا تھا کہ اگر یہ ثابت ہو گیا کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو پھر اس صورت میں وزیراعظم قومی اسمبلی توڑ دیں گے جب کہ اس کے ساتھ ہی چاروں صوبائی اسمبلیاں بھی تحلیل کر دی جائیں گی اوراگر دھاندلی ثابت نہیں ہوتی تو پھر تحریک انصاف انتخابات کو قبول کرکے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرے گی۔