لاہور (نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں اور دونوں کی دوستی اور بھائی چارے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین میزن محمد بٹر کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر اعلی شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ معاشی تعاون اور توانائی بحران کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں جسیدو طرفہ معاشی تعاون کو فروغ دے کر مزید وسعت دی جا سکتی ہے، دونوں ممالک کی دوستی اوربھائی چارے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔وزیر اعلی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی بحران نے ملک کو شدید متاثر کیا ہے جس سے نمٹنے کے لیے گیس سے 3600 میگا واٹ بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ملاقات کے دوران سعودی سرمایہ کاروں نے زراعت، لائیو اسٹاک اورتوانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔