کراچی (نیوز ڈیسک) ایم کیو ایم کے سابق کارکن اور سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کی جانب سے اہم انکشافات کرنے کے بعد ان کی اہلیہ نے الزام لگایا ہے کہ انہیں دھمکی آمیز فون کیے جا رہے ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے صولت مرزا کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ انہیں جنوبی افریقہ اور کینیڈا کے نمبروں سے فون کال موصول ہوئے ہیں جس میں فون کرنے والوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے بارے میں میڈیا پر بیان بازی کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔صولت مرزا کی اہلیہ نے بتایا کہ ابھی تک انہیں 3 فون کال موصول ہوئے ہیں جن میں سے 2 نمبروں کو وہ پہلے سے ہی جانتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فون کرنے والے اپنی پہچان نہیں بتا رہے لیکن ان کی جانب سے انہیں کہا جاتا ہے کہ تم لوگ جو کر رہے ہو اس کا انجام سوچ لو۔سیکورٹی کے حوالے سے صولت مرزا کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ انہیں سیکورٹی کے لیے ایک پولیس موبائل دی گئی ہے اور اہلکار ان کے گھر کے باہر بھی تعینات ہیں۔صولت مرزا کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ اگر انہیں یا ان کے خاندان کے کسی فرد کو کوئی نقصان پہنچایا گیا تو اس کی ذمہ داری متحدہ قومی موومنٹ پر عائد ہو گی۔