سیالکوٹ(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع، پانی و بجلی خواجہ ا صف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، دہشتگردی کیخلاف ہماری بے پناہ قربانیاں ہیں، افواج پاکستان کو جو کامیابیاں ملی ہیں وہ ہماری تاریخ کا سنہری باب ہیں۔یہاں دوسری انٹرنیشنل میڈیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا اسلام اخوت، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے، ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺنے کسی کو شیعہ سنی نہیں بنایا بلکہ ہم سب مسلمان ہیں اور ہماری پہچان مسلک توحید ہونی چاہیے۔ گزشتہ روز سعودی وزیر دفاع سے بات ہوئی تو انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان پر پورے عالم اسلام کو فخر ہے، پاکستان جیسی افواج دنیا کے کسی ملک کے پاس نہیں ہے۔ انھوں نے خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں اسپورٹس گراو نڈ کی بھی یقین دہانی کروائی جہاں اسپورٹس کمپلیکس بنایا جائیگا۔ انھوں نے کہا ہم نے سیالکوٹ میں ایئر پورٹ، ڈرائی پورٹ، میڈیکل کالج بنایا اور اب انجینئرنگ یونیورسٹی، ایکسپریس وے بنا رہے ہیں۔ دریں اثناوفاقی وزیر نے مرکزی ا فس میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر ان کے حل کیلیے احکام جاری کیے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں