کراچی( نیوز ڈیسک ) یمن میں جاری کشیدگی کے باعث مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کا پہلا قافلہ وطن واپس پہنچ گیا جس پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان کا بھر پور استقبال کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق یمن میں پھیلتی بد امنی اور حوثی باغیوں کی جانب سے جاری جنگ کے باعث یمن میں مقیم پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے حکومت سر توڑ کوششیں کر رہی تھی۔اسی حوالے سے پاکستانی سفیر ڈاکٹر عرفان شامی کی سربراہی میں پاکستانیوں کا انخلاءکیا جا رہا ہے۔حکومت پاکستان کی جانب سے یمن میں محصور پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پی آئی اے سمیت پاکستان نیوی کا بحری جہاز بھی بھجوایا گیا تھا اور اب پی آئی اے کا پہلا طیارہ پی کے 7002 پاکستانی مسافروں کو لے کر وطن واپس پہنچ گیا ہے ، جہاں آنے والے پاکستانیوں کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ ان کی جانب سے اپنے عزیزوں کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے اور ان کی بحفاظت وطن واپسی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ پسنی کے قریب سے پاکستان کی حدود میں داخل ہوا اور اس میں 3 نومولود بچوں سمیت 503 افراد سوار تھے۔