کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) یمن میں جاری کشیدگی کے باعث وہاں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے حکومت کی جانب سے سرتوڑ کوششیں کی جا رہی ہیں ۔اسی حوالے سے پاکستانی کی جانب سے پی آئی اے کا ایک طیارہ اور پاکستان نیوی کا ایک بحری جہاز یمن بھیجا جا چکا ہے جس میں پاکستانیوں کو وہاں سے وطن واپس لایا جا رہا ہے۔پی آئی اے کی پرواز میں بیٹھے مسافر علی حسن نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پاکستانی طیارے میں موجود ہیں اور مسافروں کا سامان بھی لوڈ کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز ٹیک آف کرچکی ہے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 35 منٹ پر کراچی لینڈ کر جائے گا۔
دوسری جانب پی آئی اے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان ایئر لائن کا ایک اور طیارہ کچھ دیر میں یمن کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ پہلی پرواز میں 504 مسافروں کو وطن واپس لایا جا رہا ہے اور دوسرا طیارہ بھی اپنی گنجائش کے مطابق ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے تیار ہو گا۔یاد رہے اس کے علاوہ پاکستان نیوی کا بحری جہاز بھی پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے یمن پہنچ چکا ہے۔
اپ ڈیٹ : حکام کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ طیارہ پاکستان واپسی کے تیار ہے اور اڑان بھی لے رہا ہے لیکن تازہ اطلاعات کے مطابق طیارے کو لینڈینگ کی اجازت نہیں ملی جس کے باعث طیارہ کل وطن واپس آئے گا۔