اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلاءکے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستانی حکام ہم وطنوں کے حوالے سے چین سے بھی رابطے میں ہے اور اپنے ہم وطنوں کی بحفاظت واپسی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازیں یمن بھیجی جا رہی ہیں لیکن یمن کے شہر عدن میں ایئرپورٹ تک رسائی ممکن نہیں ہے لیکن دوسرا شہرالمکلا پر امن ہے اور وہاں 150 سے 200 پاکستانی حفاظت سے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یمن کی بندرگاہ پر امن ہے اور اس راستے کو استعمال کرنے کے لیے پاک بحریہ کا جہاز روانہ کر دیا گیا ہے۔تسنیم اسلم نے مزید بتایا کہ پاکستانیوں کے انخلاءکے لیے مختلف طریقے استعمال کیے جا رہے ہیں ۔جن میں ایک ممکنہ ذریعہ الغیضہ ایئرپورٹ ہے جبکہ دوسرا ایئرپورٹ ریان ہے جہاں سے پاکستانیوں کا انخلاءممکن بنایا جائے گا۔