اسلام آباد (نیوزڈیسک) ون گیلپ انٹرنیشنل سروے میں کہا گیا ہے کہ 89فیصد پاکستانی مادر وطن کی خاطر لڑنے کیلیے تیار ہیں اور اس حوالے سے دنیا بھرکے ممالک میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے جن کے عوام اپنے ملک کے لیے مرمٹنے پر تیار ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ون گیلپ سروے کے حوالے سے کہا گیاکہ 64ممالک میں سروے کے دوران61فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک کی خاطر لڑنا چاہتے ہیں جبکہ 27فیصد نے کہا کہ وہ ایسا نہیں چاہتے تاہم ہر خطے میں فرق سامنے آیا ہے پاکستان ایسے ملکوں کی فہرست میں شامل تھا جہاں کے عوام اپنے ملک کے لیے مر مٹنا چاہتے ہیں۔فجی اور مراکوکے بعد پاکستان کا تیسرا نمبر ہے جن کے عوام اپنے ملک کی خاطر لڑنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ مغربی یورپ 25فیصد کے ساتھ سب سے کم سطح پر ہے۔ رپورٹس میں کہا گیاکہ بھارت کے 75فیصد عوام اپنے ملک کے لیے لڑنا چاہتے ہیں۔