مردان: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی سوچ میں فرق ہے اس لئے وزیر اعظم نواز شریف کو نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آتا۔
مردان میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک سے اسٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے، وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آیا، ان کے نئے خیبر پختونخوا کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات دینے کے بجائے 50 ارب روپے کی سڑک بنائی جائے اور اس سے انہیں کمیشن ملے، اگر حکومت کا مطلب سڑک اور پل بنانا ہے تو پھر ملک ریاض کو وزیر اعظم بنادیا جائے وہ یہ کام زیادہ اچھا کرسکتے ہیں، قوم سڑکوں سے نہیں بنتی بلکہ اس وقت بنتی ہے جب لوگوں کو انصاف ملتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) 6 ،6 مرتبہ سندھ اور پنجاب اور 3،3 مرتبہ وفاق میں حکومت کرچکے ہیں لیکن انہوں نے کبھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے، تحریک انصاف پہلی مرتبہ برسر اقتدار آئی ہے اس لئے جس طرح وہ چاہتے تھے اتنی تیزی سے صوبے میں تبدیلی نظر نہیں آرہی لیکن خیبر پختونخوا بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔