اسلام آباد(نیوز ڈیسک)شہر قائد کی پولیس بھی اب شائد انوکھے کارنامے انجام دینے کے حوالے سے پنجاب پولیس کے نقش قدم پر چل پڑی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قتل اور بھتے کے ملزمان کو رکشے اور ٹیکسی میں لاکر عدالت میں پیش کیا جانے لگا ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سنگین نوعیت کے مقدمات کی سماعت ہوتی ہے اور ملزمان کو بکتر بند گاڑیوں یا پولیس وین میں لایا جاتا ہے تاہم قتل اور بھتہ خوری کے مقدمات میں ملوث ملزمان طیب اور تصدق کو پیر آباد تھانے کی پولیس نے رکشے میں لا کر عدالت کے روبرو پیش کیا اور ان کے ساتھ صرف ایک پولیس اہلکار موجود تھا۔ملزمان کے ساتھ آنے والے پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ تھانے میں کوئی گاڑی موجود نہیں تھی اور آج ملزمان کی پیشی تھی جس کے لئے انہیں لازمی طور پر عدالت لانا تھا اس لئے انہیں مجبوراً رکشے میں لانا پڑا۔ بعد ازاں ایک اور ملزم کو ایک پولیس اہلکار کے ہمراہ ٹیکسی میں لاکر عدالت میں پیش کیا گیا۔