اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہوئی تو پاکستان اس کا بھرپور دفاع کرے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت سعودی عرب کو مشکل کا سامنا ہے اور اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساڑھے 700 فوجی سعودی عرب میں موجود ہیں۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے 1999 ءمیں پاکستان کو مفت تیل دیا تھا اور دونوں ممالک آپس میں بہترین دوست ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی کمٹمنٹ اٹل ہے اور اسے ضرور نبھایا جائے گا۔ اگر اس ملک کی خود مختاری پر کوئی آنچ آئی تو پاکستان ہر حال میں دفاع کرے گا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں ان کو وفد کے ہمراہ سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس معاملے پر کل ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں اس معاملے پر بات کریں گے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا ہم نے گزشتہ 3 دہائیوں میں تاریخ سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب ہم کسی فرقہ وارانہ جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ابھی تک سعودی عرب کی حدود کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے اور وہ وہاں جا کر ملاقاتوں کے بعد تمام صورتحال کا جائزہ لیں گے۔