کوئٹہ(نیوزڈیسک)کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ نوجوان اپنی ہی چیز کے لئے مت لڑیں جو قربانیاں ہم پہلے دے چکے ہیں اب تک ان کے زخمی دھندلے نہیں ہوئے اب مزید زخم نہ لگائیں۔کوئٹہ میں بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کور کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ وطن عزیز میں ہم سب برابر ہیں، ہمیں رنگ، نسل، فرقہ واریت اور اس سے نکلی دہشت گردی اور تفریق کو ختم کرنا ہے، ہم اپنی محبتوں سے اس تفریق کو ختم کردیں گے. ان کا کہنا تھا کہ ہتھیار چھوڑ کر امن کا راستہ اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، اور قوم کے ان بیٹوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے طے کرلیا ہے کہ وہ خون کی ہولی نہیں کھیلیں گے۔لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کی پہچان ہیں، پاکستان دل ہے تو بلوچستان کے عوام دل کی دھڑکن ہیں، یہ پاکستان اور اس کا چپہ چپہ آپ کا ہے، آپ کس آزادی کے لئے لڑ رہے ہیں آپ تو پہلے ہی سے آزاد ہیں، آپ اپنی ہی چیز کے لئے مت لڑیں، جنہیں آپ مار رہے ہیں وہ بھی آپ کے ہیں، جو قربانیاں ہم پہلے دے چکے ہیں اب تک ان کے زخمی دھندلے نہیں ہوئے، مزید زخم نہ لگائیں، اس میں غموں اور سسکیوں کے سوا کچھ نہیں، تعلیم حاصل کریں اور اپنے آپ کو بہتر انسان بنائیں۔