لاہور(نیوز ڈیسک)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اردوسے محبت کی وجہ سے انگریزی میں لکھے دعوت ناموں پر شادی سمیت دیگر تقاریب میں شرکت نہیں کرتے ۔ یہ انکشاف خود سراج الحق نے ایک تقریب میں کیا۔ سینئرصحافی اور تجزیہ نگار مجیب الرحمان شامی نے بتایاکہ حسین پراچہ کے کالموں پر مشتمل کتاب ’حکم ازاں ‘ کی تقریب رونمائی کے موقع پر وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور سراج الحق سمیت کئی لوگ موجود تھے ، اردوکاذکر ہواتو یہ شکوہ بھی سامنے آیا کہ قومی زبان ہونے کے باوجود ارد وکی حفاظت نہیں ہورہی جس پر سراج الحق نے بتایاکہ اُنہیں اگر کوئی شادی کا دعوت نامہ بھی انگریزی میں بھیجے تو وہ شرکت نہیں کرتے ، اردویاپشتومیں لکھادعوت نامہ ملے توحتی الامکان شرکت کی کوشش کرتے ہیں اور یہی اُن کی اردوسے محبت کی کہانی ہے ۔