کراچی (نیوز ڈیسک)سعید ا باد پولیس ٹریننگ سینٹر کے باہر حال ہی میں10ماہ کا تربیتی کورس مکمل کرنے والے پولیس اہلکاروں کے احتجاج سے حب ریور روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق سعید ا باد پولیس ٹریننگ سینٹر کے باہر حب ریور روڈ پر13مارچ کو پاس اؤٹ ہونے والے پولیس اہلکاروں کے شدید احتجاج سے ٹریفک بلاک ہوگئی، احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ وہ 6 ماہ کی تربیت کے لیے سعید اباد پولیس ٹریننگ سینٹر ائے تھے، تاہم ان کی تربیت 10ماہ میں مکمل کرائی گئی، 4 روز قبل ٹریننگ سینٹر میں87 ویں پاسنگ اؤٹ پریڈ میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ وہ بھی پاس اؤٹ ہوئے لیکن انھیں واپس اپنے اضلاع میں بھیجنے کے بجائے2 ماہ کی مزید کمانڈو ٹریننگ کے لیے رزاق اباد پولیس ٹریننگ سینٹر بھیجا جارہا ہے۔پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ ان کی عمر 40 سے50 سال کے درمیان ہے اور اس عمر میں کمانڈو ٹریننگ کیسے کرسکتے ہیں انھیں واپس اپنے اضلاع میں بھیجا جائے، پولیس اہلکاروں کے احتجاج کی اطلاع پر پرنسپل سعید اباد پولیس ٹریننگ کالج جاوید مہر اور سعیداباد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں سے مذاکرات کیے جس پر اہلکاروں نے اپنا احتجاج ختم کر دیا، پرنسپل سعید اباد پولیس ٹریننگ کالج جاوید مہر نے بتایا کہ احتجاج کرنے والے پولیس اہلکار چھٹی کا مطالبہ کر رہے تھے جو انھیں دی گئی ہے اور چھٹی سے واپس انے کے بعد ہی پولیس اہلکاروں کو واپس اپنے اضلاع میں بھیجا جائے گا۔