کراچی (نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے سزائے موت کے مجرموں کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد انہیں آج صبح تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سزائے موت کے2 قیدیوں کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت ہوئی، مجرم محمد فیصل اورمحمد افضل کی والدہ کی جانب سے دائر درخواست پرسماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دہشت گردی قابل صلح جرم نہیں اورقانون میں اس جرم میں رعایت کی کوئی گنجائش نہیں اس لیے درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ عدالت سے درخواست مسترد ہونے کے بعد قتل کے دونوں مجرموں کوآج صبح سینٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔واضح رہے کہ دونوں مجرموں نے1998 میں ڈکیتی کے دوران عبدالجبار نامی شخص کو قتل کیا تھا جب کہ ٹرائل کورٹ مجرموں کے اہل خانہ اور فریقین کی جانب سے صلح نامہ بھی مسترد کرچکی ہے۔