اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ میں صولت مرزا کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی سماعت وکیل کی عدم حاضری کے باعث کل تک ملتوی کر دی گئی۔چیف جسٹس ناصر الملک نے صولت مرزا کی اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کی ان چیمبر سماعت کرنا تھی۔ عدالت نے صولت مرزا کے وکیل لطیف کھوسہ کی اپیل پر سماعت ملتوی کر دی۔ رجسٹرار آفس نے صولت مرزا کی سزائے موت کے خلاف اپیل پر اعتراضات عائد کئے تھے۔ رجسٹرا آفس نے اعتراض عائد کیا تھا کہ سزائے موت کے خلاف درخواست ناقابل سماعت ہے۔ مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل اور نظرثانی درخواستیں پہلے ہی مسترد ہو چکی ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی دوسری درخواست دائر نہیں ہو سکتی۔ سپریم کورٹ نے چودہ ستمبر دو ہزار ایک کو سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت نے رواں سال گیارہ مارچ کو صولت مرزا کی رحم کی اپیل بھی مسترد کر دی تھی۔ صولت مرزا کو انیس مارچ کو پآنسی دی جانی ہے۔