پاکستان تحریک انصاف اور جیو ٹیلی وژن کے درمیان اختلافات ختم ہو گئے ہیں جبکہ ترجمان تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری کی جانب جاری بیان میں اس کی تائید کی ہے کہ اب تحریک انصاف اور جیو ٹیلی وژن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور اب دونوں اطراف کسی قسم کا کوئی اختلاف باقی نہیں۔ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بہت ملاقاتوں کے بعد یہ طے کیا گیا ہے کہ اب دونوں اطراف معاملات کو طے کرنا چاہیئے جبکہ اس ضمن میں ایک تحقیقاتی اور تفتیشی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جو دونوں جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیق کرے اور مستقبل کے لیے مضبوط طریقہ کار طے کرے اور مستقبل میں منصفانہ بنیاد پر معاملات کو طے کیا جا سکے۔
اس کمیٹی کے بن جانے کے بعد تحریک انصاف نے جیو ٹیلی وژن کے ساتھ اپنا بائیکاٹ ختم کر دیا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق بہت جلد چیئرمین عمران خان جیو ٹیلی وژن کے سینئر اینکر حامد میر کو خصوصی انٹرویو بھی دیں گے۔دوسری جانب جیو ٹیلی وژن کی جانب سے بھی تحریک انصاف کے اس اقدام کو بہت خوش آئند قرار دیا ہے جبکہ جیو انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیاسی معاملات کی بدولت اس طرح کا ماحول پیدا نہیں ہونا چاہیئے۔تاہم انہوں نے تحریک انصاف کی جانب سے بائیکاٹ کے خاتمے کا خیر مقدم کیا اور مستقبل میں بہتر تعلقات اور خوشگوار ماحول میں ایک ساتھ چلنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ۔