اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے فوج کے خلاف بیابات پر الطاف حسین کو انتہائی سخت جواب دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے جانب سے جاری بیان میں چودھری نثار علی خان نے الطاف حسین کے فوج و رینجرز مخالف بیانات کو ناقابل برداشت قرار دیاہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کے افواج کے خلاف بیانات ناقابل برداشت ہیں، یہ کیسی منطق ہے کہ ایک روز فوج کے حق میں اور اگلے ہی روز اس کیخلاف قابل مذمت زبان استعمال کی جائے۔ ان کے بقول دنیا کے کسی ملک میں اپنی ہی فوج کےخلاف ایسی زبان استعال کرنے کی اجازت نہیں،متحدہ کو کوئی شکایت ہے تو عدالت سے رجوع کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی فوج کے ساتھ ایم کیو ایم نو سال تک شریک اقتدار رہی ہے، کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ خود ایم کیو ایم کی جانب سے کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے ہیڈکوارٹر پر رینجرز کے چھاپے کے دوران درجنوں خطرناک ملزمان کی گرفتاری اور اسلحہ برآمد ہونےکے بعد الطاف حسین نے فوج اور رینجرز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔