پشاور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتہ کو تنازعات کو حل کرنے والی کمیٹیاں متعارف کرا دی ہیں تاکہ مقامی معتبر افراد کے ذریعے خیبرپختونخوا کے عوام تک فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ پشاور کے گلبرگ پولیس اسٹیشن جہاں انہوں نے یہ نظام متعارف کرایا، میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ یہ ایک جیوری یا جرگے کی طرح ہے جہاں لوگ پولیس اسٹیشنز اور عدالتوں سے اپنے تنازعات کو حل کرنے کے لیے لے جاسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹیاں اچھی شہرت رکھنے والے افراد پر مشتمل ہوں گی اور مخالف گروپس کا موقف سن کر ان کے تنازعات کو پولیس اور عدالتوں کو ملوث کیے بغیر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا ” اس سے لوگوں کا وقت اور وہ پیسہ بچے گا جو وہ وکلاءکی خدمات حاصل کرنے اور دیگر اخراجات پر خرچ کرتے ہیں ، ہم نے ایک کارروائی دیکھی ہے جس میں مقامی کمیٹی کے اراکین دونوں فریقین کے ساتھ بیٹھے جن کا آپس میں آٹھ سال سے تنازع چل رہا تھا اور اسے فوری طور پر حل کرلیا گیا”۔ عمران خان نے مزید کہا کہ یہ نظام دنیا بھر خاص طور پر پاکستان سے کمائی کرے گا جہاں 110 ملین افراد کو متوازن غذا دستیاب نہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور آئی جی پولیس ناصر خان درانی کے ہمراہ موجود عمران خان نے کہا کہ یہ نیا نظام دیہی عوام کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے جو بہت غریب ہیں اور عدالتی فیسوں کا بار نہیں اٹھاسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے عسکریت پسندی سے متاثرہ خیبرپختونخوا میں بہت قربانیاں دی ہیں اور وسائل کی کمی کے باوجود وہ اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے ” ہم پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے اور ان میں عزم بڑھانے کے لیے انعامی سسٹم کے اجراءپر غور کررہے ہیں، ہم پولیس کی بہادری کا اعتراف بھی کریں گے”۔